بھٹکل 7/ جولائی (ایس او نیوز) بھٹکل انجمن کالج روڈ پر تعمیر شدہ منی ودھان سودھا کی عالیشان عمارت کا 25 جنوری 2021 کو وزیر آر اشوک کے ہاتھوں افتتاح ہونے کے بعد مختلف سرکاری دفاتر اس عمارت میں منتقل ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ ابتداء میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار آفس اس عمارت کے بالترتیب سکینڈ فلور اور فرسٹ فلور پر منتقل ہوا تھا، بعد میں مینارٹی ڈپارٹمنٹ کا دفتر، سروے آفس بھی منتقل ہوا، 2 جولائی منگل کو بھٹکل عیدگاہ کے بالمقابل واقع سب رجسٹرار آفس بھی اس عمارت میں منتقل ہوگیا ہے۔ یاد رہے کہ زمین کا رجسٹریشن، جگہ ، گھر اور ددیگر جائیدادوں کا رجسٹریشن کام سب رجسٹرار آفس میں انجام دیا جاتا ہے، یہ آفس اب منی ودھان سودھا کے پہلے مالہ پر روم نمبر 109 میں منتقل ہوگیا ہے۔
اب سب ٹریزری آفس جو پرانی تحصیلدار بلڈنگ میں قائم ہے اور لیبر آفس جو نزد بی ایس این ایل ٹاورمیں واقع ہے، عنقریب منی ودھان سودھا عمارت میں منتقل ہوں گے۔
سرکاری محکہ جات کے تمام دفاتر کو ایک ہی جگہ پر قائم کرنے سے عوام کو آئندہ اِدھر اُدھر کے چکر کاٹنے سے راحت مل جائے گی اور سرکاری کاموں کے کسی بھی کام کے لئے منی ودھان سودھا میں ہی تمام کام نمٹائے جاسکیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ جو سرکاری دفاتر خود کی عمارتوں میں قائم نہیں تھے ، صرف اُن ہی آفسس کو منی ودھان سودھا میں منتقل کیا گیا ہے، چونکہ منی ودھان سودھا عمارت میں مزید دفاتر کے لئے جگہ نہیں ہے، اس کو دیکھتے ہوئے پی ڈبلیو ڈی آفس، ضلع پنچایت آفس، تعلقہ پنچایت آفس، اگریکلچر آفس، ہورٹی کلچر آفس وغیرہ جو خود کی عمارتوں میں ہی قائم ہیں، وہ سب اپنی جگہ پر ہی برقرار رہیں گے اور اُنہیں منی ودھان سودھا کی عمارت میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔